تعارف

تعارف روشنی کا کرایا جائے یا اس ذہنی وفکری اضمحلال کا جس نے مدتوں قلم کو لکھنے اور ذہن کو اپنا کام کرنے سے روکے رکھا ایک ایسی کوشش جس میں نقصان کا امکان نہ ہونے کے برابر تھا پھر بھی تسلسل کا فقدان رہا ، احبا ب نے اس کام پر ستائش بھی کی پر معاملہ  زبانی حد کو پار نہ کرسکا جس نے قلمی وقلبی  اور دیگر ناحیوں سے مہمیز کیا ہم خود اس کا حق ادا نہیں کر پائے خیر جو بھی ہے یہی اس کا تعارف ہے کہ روشنی کے نام سے ایک چھوٹی سی کوشش آج سے چند سال پہلے ماہنامہ روشنی کے نام سے کی گئی تھی جس کے چند شماروں نے جو اپنے وقت سے  شائع تو نہ ہوسکے مگربعد از وقت تک اپنی یادیں قارئین کے اذہان میں ضرور مرتسم کر گئے اس طرح یہ کوشش بظاہر ناکام ہوکر بھی کامیاب رہی .کامیابی کا احساس ناکامی کی چادر اوڑھ لینے کے بعد ہو پایا اور ناکامی کا احتساب اب تک نہیں . پتہ ہی نہیں چل پایا کی کوتاہی کہاں ہوگئی. کس سے ہوگئی اور کیوں ہو گئی. قارئین کو محرومی کا افسوس رہا ،اس میں لکھ کر خوش ہو لینے والوں کو کچھ کھو جانے کا ملال رہا، منظر عام پر لانے میں اپنی توانائی صرف کرنے والوں کو مشغولیت سے نجات کا کرب ستاتا رہا ، مگر پھر بھی اچھا خاصا وقت '' زیاں '' کے اس احساس کو محسوس کئے بغیر نکل گیا .صلاحیت نکھارنے اور ٹیلینٹ تلاشنے کا جو پلان تھا اسے لگام لگ گئی ایسے میں نئےسرے سے اس پر سوچنا بھی نادانی تھی مگر جب عمرنادانی کی ہو تو پھر دانائی و نادانی پر دھیان کہاں رہتا ہے. بلاگ کے ذریعےاس ادھورے خواب میں رنگ بھرنے کا آپشن کاغذی روشنی کے مقابلے اسکرین پر زیادہ روشن نظر آیا . روشنی کی یہ کوشش اسی سفر کا تسلسل ہے جس میں اچانک پڑاو آگیا تھا اور پڑاو بھی ایسا کی منزل کا گمان ہونے لگا تھا .کیا ہے سے زیادہ کیا ہونا چاہئے پر توجہ رہے پڑھ کر روشنی اخذ کرنے والوں کےمقابلے اس کی لو بڑھانے میں تعاون کرنے والوں کو سبقت و ترجیح حاصل رہے گی .